شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کا پیغام محبت، امن اور انسانیت کی روشن علامت ہے، بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی کے سالانہ عرس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شاہ لطیفؒ کا لازوال پیغام آج بھی محبت، امن، رواداری اور انسانیت کی ابدی اقدار سے دلوں کو منور کر رہا ہے۔
اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے عظیم صوفی بزرگ اور شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شاہ لطیفؒ کا کلام زمان و مکان کی حدود سے ماورا ہو کر پوری انسانیت کو اتحاد، برداشت، انکساری اور بے لوث خدمتِ خلق کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم، خصوصاً نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کی تعلیمات کو اپناتے ہوئے نفرت، تشدد اور انتہاپسندی کو مسترد کریں اور محبت، ہم آہنگی، رواداری اور انسانیت کے احترام کو فروغ دیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ امن، بقائے باہمی، شمولیت اور سماجی ہم آہنگی پر مبنی صوفی روایات پاکستان کی حقیقی روح کی عکاس ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی ان درخشاں روایات کے فروغ اور تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔



