گھوٹکی: ڈپٹی کمشنر کا بی ایچ یو کا اچانک دورہ، ماں اور بچے کے صحت سینٹر کی تعمیر تیز کرنے کا حکم

گھوٹکی (رپورٹر:وجے کمار چاولہ)ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی نے پی پی ایچ آئی کے زیر انتظام بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں، بالخصوص ماں اور بچے کی صحت سینٹر کی تعمیر کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر راؤ آفتاب اور ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی عارف عباسی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ انجینئرز اور تعمیراتی عملے کو ہدایت جاری کی کہ عوامی مفاد کے پیش نظر ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ مقامی آبادی کو صحت کی مزید بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ دورے کے دوران انہوں نے بی ایچ یو میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، حفاظتی ٹیکہ جات اور دیگر بنیادی صحت خدمات کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر منظور احمد کنرانی نے کہا کہ پی پی ایچ آئی کے زیر انتظام بی ایچ یو سرحد اور آس پاس علاقوں کے عوام کو علاج معالجے کی بنیادی اور معیاری سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کا نیا سینٹر قائم ہونے سے لوگوں کو مزید سہولت مل سکے گی انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں جاری ترقیاتی منصوبے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف صحت کی سہولیات کا دائرہ وسیع ہوگا بلکہ دیہی آبادی کو بہتر اور بروقت طبی خدمات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔



