عمران خان سے ملاقات ورنہ بجٹ کابائیکاٹ!بیرسٹرگوہر کی دھمکی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کل تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے کی صورت میں بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کی دھمکی دیدی۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے قومی اسمبلی میں کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود 34 ہفتے سے ملاقات نہیں کرائی گئی، ساتھ ہی دھمکی دی کہ کل تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی گئی تو بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ کریں گے۔بیرسٹر گوہر نے زور دیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اس سے متعلق رولنگ جاری کریں جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا اگر بانی اس ایوان کے رکن ہوتے تو پروڈکشن آرڈر جاری کردیتے ، 3 بار حکومت اپوزیشن کو ایک میز پر بٹھایا مگر آپ لوگ نہیں آتے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر تحریک انصاف نے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کیا، میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا یہ عوام دوست بجٹ نہیں ہوگا، پہلے ہی مہنگائی زیادہ ہے، عوام کو ریلیف ملنا چاہیے۔



