سیاسی مسائل کے حل کیلئے ہر فریق کو ایک قدم پیچھے ہٹنا ہوگا، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سیاسی مسائل کے سیاسی حل کے لیے تمام فریقین کو ایک قدم پیچھے ہٹ کر مذاکرات کی طرف آنا ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اور سیاسی معاملات پر مذاکرات ہونے چاہئیں، تاہم فی الحال ماحول ٹھنڈا ہے اور بات آگے نہیں بڑھ سکی۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران کوئی قانون نہیں توڑا جائے گا اور نہ ہی راستے بند کیے جائیں گے۔ لانگ مارچ میں سرکاری وسائل کا بھی کسی صورت استعمال نہیں کیا جائے گا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عدالت کو آئی جی خیبر پختونخوا سے حلف نامہ طلب نہیں کرنا چاہیے تھا، اس اقدام سے ایسا تاثر بھی نہیں ملنا چاہیے کہ خیبر پختونخوا کے عوام اور پولیس ایک دوسرے کے مدمقابل آ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ صوبے نے گزشتہ سال پولیس کے محکمے پر 45 ارب روپے خرچ کیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ پولیس میں سیاسی مداخلت نہ ہو۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ کو پولیس کے اختیارات ملنے کے بعد ان کا استعمال من پسند بنیادوں پر نہیں بلکہ پولیس کی بہتری کے لیے کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button