ایران نے ثالثوں کے ذریعے امریکا کو پیغامات اور شرائط سے آگاہ کر دیا، باقر قالیباف

تہران (ویب ڈیسک) ایرانی پارلیمان کے اسپیکر باقر قالیباف نے تصدیق کی ہے کہ ایران نے ثالثوں کے ذریعے امریکا کو اپنے پیغامات اور مذاکرات سے متعلق شرائط سے آگاہ کر دیا ہے۔

پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے باقر قالیباف نے کہا کہ جنگ کے حوالے سے باتیں کی جاتی ہیں، تاہم اس کے مؤثر اور حتمی خاتمے کے لیے تاحال کوئی واضح لائحہ عمل یا طریقہ کار موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو بیک وقت فوجی محاذ پر مقابلہ اور سفارتی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔ ان کے مطابق تہران اپنے مخالفین کو پیچھے دھکیلنے کے لیے فوجی طاقت استعمال کرے گا، جبکہ مناسب وقت آنے پر میدان میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کے لیے سفارت کاری سے کام لیا جائے گا۔

باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ایران نے ثالثوں کے ذریعے پیغامات پہنچانے کے ساتھ دوسرے فریق کے سامنے اپنی شرائط بھی واضح کر دی ہیں۔

ایرانی اسپیکر نے کہا کہ جب تک ایران کی پیشگی شرائط پوری نہیں ہوتیں، مذاکرات کی سابقہ صورتحال بحال کرنے اور آبنائے ہرمز کھولنے کی گنجائش نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے بھی کہا تھا کہ تہران نے قطر اور پاکستان کے ذریعے امریکا تک مذاکرات سے متعلق اپنی شرائط پہنچا دی ہیں اور اب وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ردعمل کا منتظر ہے۔

مزید خبریں

Back to top button