بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن،6دہشتگردہلاک،9گرفتار،بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

کوئٹہ (جانو ڈاٹ پی کے) بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن شعبان 2 کے تحت کارروائیاں جاری ہیں، سران تنگی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران 6 دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ 6 دہشتگرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران 9 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ علاقے میں دہشتگردوں کے ممکنہ ٹھکانوں اور نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رکھنے کا عزم ہے۔ آپریشن شعبان کے دوران ماضی میں بھی مختلف علاقوں میں زمینی اور فضائی کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔ (AAJ News)

وزیراعظم شہباز شریف کا خراجِ تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن شعبان 2 جاری رہے گا اور پاکستان کے امن، سلامتی اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی جبکہ قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

محسن نقوی کی سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

محسن نقوی نے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشنز کے ذریعے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button