جماعت اسلامی کا وزیراعظم کی درخواست پر لانگ مارچ موخر کرنے کا اعلان

ملتان (جانو ڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر لانگ مارچ کو عارضی طور پر ملتان میں روکنے کا اعلان کردیا، تاہم احتجاج اور تحریک ختم نہ کرنے کا واضح اعلان کیا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا فون آیا تھا اور انہوں نے لانگ مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کی۔ وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ پاکستان پہنچتے ہی جماعت اسلامی سے ملاقات کرکے عوام کو ریلیف دینے کے لیے فیصلے کیے جائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان کے مطابق انہوں نے وزیراعظم کو مشاورت کے بعد جواب دینے کا کہا، جس کے بعد جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا کہ احتجاج اور لانگ مارچ سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ صرف وزیراعظم کو بات سننے کا موقع دیا جا رہا ہے، جبکہ کارکن بدستور میدان میں موجود رہیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا فساد نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دینا ہے۔ وزیراعظم پاکستان واپس آئیں گے تو ان سے مذاکرات ضرور ہوں گے، تاہم حکومت سے تحریری یقین دہانی لی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی آمد تک لانگ مارچ کا ملتان میں پڑاؤ برقرار رہے گا، حکومت کے پاس بات چیت کا یہ آخری موقع ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم لیوی ہر صورت ختم کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں، جماعت اسلامی کی شٹر ڈاؤن ہڑتال سے حکومت پر دباؤ پڑا، جبکہ حکومت کو پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے لیے مختلف تجاویز دی گئیں، تاہم حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے لیوی کم کرنے سے معذرت کی۔

قبل ازیں وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں وزیراعظم نے اسلام آباد میں دھرنا مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button