6سالہ چینی بچی نے دنیا کو حیران کردیا، ریوبک کیوب کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

بیجنگ (جانو ڈاٹ پی کے) چین کی صرف 6 سالہ بچی لیان یونزی نے ریوبک کیوب انتہائی تیز رفتاری سے حل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کردیا، ننھی بچی نے اپنی حیران کن ذہانت اور رفتار سے دنیا کو حیران کردیا۔
لیان یونزی نے 3 روز کے دوران ووہان اور گوانگژو میں ہونے والے مختلف مقابلوں میں مجموعی طور پر 5 مرتبہ ریوبک کیوب حل کیا اور اپنی غیر معمولی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق پہلے مقابلے میں بچی نے ریوبک کیوب اوسطاً 4.52 سیکنڈ جبکہ دوسرے مقابلے میں 4.27 سیکنڈ کی اوسط رفتار سے حل کیا، جس کے بعد وہ اس شعبے میں تیز ترین خاتون کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔
چین کے صوبے سیچوان کے شہر چنگڈو سے تعلق رکھنے والی لیان یونزی نے گزشتہ سال ریوبک کیوب کی بھرپور مشق کی۔ وہ روزانہ تقریباً 2 سے 3 گھنٹے اس کھیل کی مشق کرتی تھیں۔لیان یونزی کی والدہ لین یانگشی کے مطابق انہوں نے ہی اپنی بیٹی کو ریوبک کیوب سے متعارف کرایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ انہیں احساس ہوا کہ یہ سرگرمی بچوں کی ذہنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے انتہائی مفید ہے، اسی لیے انہوں نے بیٹی کی حوصلہ افزائی جاری رکھی۔والدہ کے مطابق ریوبک کیوب حل کرنے سے بچوں کی توجہ، یادداشت، منطقی سوچ اور مثبت ذہنی رویے کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔اس سے قبل یہ ریکارڈ سیشیان کاؤ کے پاس تھا، جنہوں نے 2023 میں 6 سال کی عمر میں ریوبک کیوب 5.97 سیکنڈ میں حل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔لیان یونزی نے اس ریکارڈ کو بہتر بنا کر کم عمری میں ہی ریوبک کیوب کی دنیا میں اپنی صلاحیت کا لوہا منوا لیا ہے۔



