ڈیلیٹ ہونے والے میسجز بھی پڑھنے کا خفیہ طریقہ، اینڈرائیڈ صارفین کیلئے اہم فیچر سامنے آگیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) مختلف میسجنگ ایپس پر روزانہ اربوں پیغامات بھیجے جاتے ہیں، تاہم اکثر افراد کو اس وقت مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب کوئی پیغام بھیجنے کے فوراً بعد اسے ڈیلیٹ کر دیا جائے اور وصول کنندہ اسے پڑھنے سے پہلے ہی نوٹیفکیشن غائب ہوجائے۔
اینڈرائیڈ فون استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اس حوالے سے ایک کارآمد فیچر موجود ہے، جس کی مدد سے بعض صورتوں میں ڈیلیٹ کیے جانے والے پیغام کا وہ متن دیکھا جاسکتا ہے جو پہلے نوٹیفکیشن کی صورت میں فون پر موصول ہوچکا ہو۔
اس فیچر کو Notification History کہا جاتا ہے، جس میں فون پر موصول ہونے والے مختلف نوٹیفکیشنز کا ریکارڈ محفوظ رہتا ہے، جن میں میسجنگ ایپس کے پیغامات، ٹیکسٹ اور دیگر الرٹس بھی شامل ہوسکتے ہیں۔
اینڈرائیڈ فون میں نوٹیفکیشن ہسٹری کے ذریعے گزشتہ 24 گھنٹوں کے نوٹیفکیشنز دیکھے جاسکتے ہیں۔ یہ فیچر صارف کو یہ جاننے میں بھی مدد دیتا ہے کہ کون سی ایپس بار بار ایسے نوٹیفکیشنز بھیج رہی ہیں جن کی اسے ضرورت نہیں۔
نوٹیفکیشن ہسٹری کیسے فعال کریں؟
اینڈرائیڈ فون میں اس فیچر کو فعال کرنے کے لیے:
-
Settings کھولیں۔
-
Notifications کے آپشن میں جائیں۔
-
Notification History یا Manage Notifications > Notification History تلاش کریں۔
-
فیچر کو Enable کردیں۔
-
اگر آپشن تلاش کرنے میں دشواری ہو تو Settings کی سرچ بار میں Notification History لکھ کر تلاش کیا جاسکتا ہے۔
فیچر فعال ہونے کے بعد موصول ہونے والے نوٹیفکیشنز کا ریکارڈ ہسٹری میں دیکھا جاسکتا ہے، تاہم یہ ضروری ہے کہ متعلقہ نوٹیفکیشن پہلے فون پر موصول ہوا ہو۔
اہم بات یہ ہے کہ یہ فیچر ماضی میں موصول ہونے والے ہر ڈیلیٹ شدہ پیغام کو واپس نہیں لاتا بلکہ صرف ان پیغامات کے نوٹیفکیشن متن کو دکھا سکتا ہے جو ہسٹری میں محفوظ ہوئے ہوں۔
اسی طرح اگر کسی چیٹ یا ایپ کے نوٹیفکیشنز Mute کیے گئے ہوں تو ان کے پیغامات نوٹیفکیشن ہسٹری میں ظاہر نہیں ہوں گے۔
طویل پیغامات کی صورت میں بھی مکمل متن نظر آنے کی ضمانت نہیں، کیونکہ نوٹیفکیشن ہسٹری میں بعض اوقات پیغام کی صرف چند ابتدائی لائنیں محفوظ ہوتی ہیں۔
صارفین کو یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ نوٹیفکیشن ہسٹری میں موجود ریکارڈ محدود مدت تک دستیاب رہتا ہے اور عموماً 24 گھنٹے بعد پرانے نوٹیفکیشنز ختم ہوجاتے ہیں۔



