فائبر آپٹک کیبل کٹ گئی،8بڑے امریکی ایئرپورٹس پرفلائٹ آپریشن درہم برہم،ہزاروں پروازیں منسوخ

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے) امریکی ریاست نیو جرسی میں ریل آپریٹر ایمٹریک کے تعمیراتی کام کے دوران کھدائی سے ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹر کی اہم فائبر آپٹک کیبل کٹنے کے باعث بڑے پیمانے پر فضائی آپریشن متاثر ہوگیا۔

کیبل کٹنے کے نتیجے میں نیوآرک ایئرپورٹ سمیت خطے کے فضائی ٹریفک نیٹ ورک کو شدید تکنیکی بحران کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ملک کے متعدد بڑے ایئرپورٹس پر پروازوں کا شیڈول درہم برہم ہوگیا۔

حکام کے مطابق زمینی کام کے دوران ایئر ٹریفک کنٹرول کی اہم فائبر آپٹک لائن متاثر ہوئی، جس سے نیوآرک سمیت پورے خطے کا ٹیلی کمیونیکیشن نظام شدید متاثر ہوا۔

فائبر آپٹک کیبل کٹنے سے فلاڈیلفیا ایئر ٹریفک کنٹرول کی ریڈیو فریکوئنسیز بھی متاثر ہوئیں، جس کے بعد ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے نیوآرک، فلاڈیلفیا اور ٹیٹربورو ایئرپورٹس پر پروازوں کی آمدورفت روکنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

یہ ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹر خطے کے اہم ایئرپورٹس پر طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کی رہنمائی میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے، جس کے متاثر ہونے سے فضائی نظام پر دباؤ بڑھ گیا۔

رپورٹس کے مطابق نیوآرک، فلاڈیلفیا، واشنگٹن، بوسٹن، سان ڈیاگو، ویسٹ پام بیچ اور ڈیلس سمیت متعدد ایئرپورٹس کا فلائٹ شیڈول شدید متاثر ہوا، جبکہ سیکڑوں پروازوں کا رخ متبادل ایئرپورٹس کی جانب موڑنا پڑا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ تقریباً 9 ہزار پروازیں متاثر ہوئیں، جن میں کئی پروازوں میں تاخیر کا دورانیہ 170 منٹ تک رپورٹ کیا گیا۔

متاثرہ ایئرپورٹس میں نیوآرک کی 1321، بوسٹن کی 1399، فلاڈیلفیا کی 1218، واشنگٹن کی 773، ویسٹ پام بیچ کی 230، سان ڈیاگو کی 800 اور ڈیلس کی تقریباً 2500 پروازیں شامل بتائی گئی ہیں۔

یہ تکنیکی بحران ایسے وقت میں سامنے آیا جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے بین الاقوامی مندوبین کی پروازیں بھی نیوآرک پہنچ رہی تھیں، جس کے باعث مسافروں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور فضائی ٹریفک نظام پر اضافی دباؤ بڑھ گیا۔

مزید خبریں

Back to top button