بدین میں پانی کی قلت کیخلاف احتجاج

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)ضلع بدین میں پانی کی قلت کے خلاف کڈھن پریس کلب کے سامنے آبادگار ایسوسی ایشن کی جانب سے اکرم واہ کی ٹیلوں، کڈھن اور قاضیہ واہ کی ٹیل تک پانی نہ پہنچنے اور پینے کے پانی کے شدید بحران کے خلاف بھوک ہڑتال چوتھے روز بھی جاری رہی۔
اس موقع پر عبدالغفور چانڈیو، سید حسن علی شاہ، علی محمد شورو، ظفر حسین خواجہ، گل محمد گرگیز، مولوی عطاء اللہ بروہی، جان محمد جت، فدا حسین درس، غلام محمد صدیقی، ماموں خاصخیلی، محمد حنیف لنڈ اور دیگر آبادگاروں نے کہا کہ محرم الحرام کے چوتھے دن بھی بدین میں پانی کی بدترین قلت کے خلاف ان کا پرامن احتجاج جاری ہے، لیکن متعلقہ منتخب نمائندوں اور سرکاری حکام کی جانب سے مسئلے کے حل کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں
اس موقع پر عوامی تحریک کے وفد نے مہران درس اور شہری اتحاد کے محمد جمن واہرو کی قیادت میں بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ کیا اور ہڑتال میں شرکت کرتے ہوئے آبادگاروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا انہوں نے مطالبہ کیا کہ اکرم واہ اور میر واہ کے آخری سروں تک فوری طور پر پانی پہنچایا جائے اور پینے کے پانی کے بحران کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔



