ترائی میں خاندانی تنازع خونی تصادم میں بدل گیا، کلہاڑیوں کے وار سے زخمی شخص حیدرآباد میں دم توڑ گیا

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے): شہید فاضل راہو کے علاقے ترائی شہر میں دو روز قبل خاندانی تنازع پر بھائیوں اور بھتیجوں کے درمیان ہونے والا خونی تصادم ایک اور جان لے گیا، کلہاڑیوں کے وار سے شدید زخمی ہونے والا انور ملاح حیدرآباد کے اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق دو روز قبل ترائی شہر میں خاندانی تنازع پر دو فریقین کے درمیان جھگڑا ہوا، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید تصادم میں تبدیل ہوگیا۔ جھگڑے کے دوران کلہاڑیوں کے وار سے انور ملاح اور اس کا بیٹا آچار شدید زخمی ہوگئے۔
انور ملاح کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر حیدرآباد منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ شہریوں میں خوف و ہراس بھی پایا جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات جاری ہیں، جبکہ تصادم کی وجوہات اور دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔



