آڑھتیوں اور رائس ملز مالکان کا گٹھ جوڑ،آبادگارپریشان

دھان کی فی من قیمت 34سو سے گھٹا کر 23سوروپے کردی

بدین (مرتضیٰ میمن )بدین ضلع کی ٹیل میں مسلسل زرعی پانی کی مصنوعی قلت کیخلاف پورا سال کسان اور کاشتکار سراپا احتجاج ہوتے ہیں جس کے نتیجے میں  مشکل سے بدین کے حصے کے پانی سے جو حصہ ملتا ہے اس سے کسان اور کاشتکار دھان کی فصل اگھاتے ہیں اور جب ماہ اکتوبر میں دھان کی فصل مارکیٹ میں آ تے ہی رائیس ملز مالکان اور دھان کے آ ڑھتیوں نے گٹھ جوڑ کرکے کمی کر دیتے ہیں اور بدین ضلع سمیت لاڑ کے کسان اور کاشتکار رائیس ملز مالکان اور آ ڑھتیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہو جاتے ہیں حسب دستور اس سال بھی دھان کی فصل مارکیٹ میں آ تے ہی رائیس ملز مالکان اور آ ڑھتیوں نے گٹھ جوڑ کرکے دھان کی فی من خرید قیمت 3400 روپے سے گھٹا کر 2300 روپے کردی ہے جس پر بدین ضلع کے کسان کاشتکارورں سمیت سیاسی سماجی مذہبی جماعتوں کے سینکڑوں کارکنوں نے بدین میں مین تھرکول شاہراہ پر دھرنا دے دیا ۔کراچی بدین تھرپارکر حیدرآباد ٹنڈوباگو روٹس پر چلنے والی ٹریفک معطل ہو گئی۔

 دھرنے کے اطراف چھوٹی بڑی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی۔اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر قاری عبدالوحيد فاروقی ، تحریکِ انصاف کے ضلعی صدر عزیز اللہ ڈیرو ،ایس ٹی پی ضلع صدر شاہنواز سیال، قومی عوامی تحریک کے ضلعی نائب صدر عبداللہ چانڈیو ،جمعیت علماء اسلام ضلع بدین کے ترجمان رفعت نويد چوہدری اور دیگر آبادگار رہنماؤں نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدین کے رائیس ملز مالکان اور آ ڑھتیوں نے ملی بھگت سے دھان کی قیمت خرید3400 سو روپے فی من سے کم کر کے فی من2300 سو روپے مقرر کر دی ہے اور 43 کلو کو ایک من تولنا شروع کر دیا ہے جو بدین کے ہزاروں آبادگاروں کے ساتھ بہت بڑا ظلم اور ان کاشتکاروں کا معاشی قتل ہے  ۔

انہوں نے کہا کہ چند ہفتے پہلے دھان فی من 3400 روپے میں خریدی جا رہی تھی مگر جیسے ہی دھان کی فصل کی مارکیٹ میں آنا تیز ہوئی تو رائیس ملز مالکان اور آ ڑھتیوں نے گٹھ جوڑ کر کے قیمت خطرناک حد تک گھٹا دی اور 43 کلو  من کے حساب سے 2300 روپے میں خریداری شروع کر دی جبکہ اس قیمت پر ان کا خرچہ بھی پورا نہیں نکلتا ہے ان رہنماؤں نے کہا کہ اس ظلم کے خلاف نہ ایم این ایز  ایم پی ایز  اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ کوئی کارروائی کر رہی ہے جو انتہائی افسوسناک عمل ہے اس موقع پر احتجاجی مظاہرین نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکرٹری سندھ کمشنر حیدرآباد اور ڈپٹی کمشنر بدین  سے مطالبہ کیا کہ بدین میں دھان کے آبادگاروں کے ساتھ رائیس ملز مالکان اور آڑھتیوں کی زیادتیوں کا نوٹس لیا جائے اور دھان کی سرکاری قیمت کم از کم فی من 3400 روپے مقرر کی جائے تاکہ آبادگار بڑے نقصان سے بچ سکیں دوسری طرف ڈی سی بدین یاسر بھٹی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بدین راجیش دلپت نے دھرنے کے مقام پر پہنچ کر دھرنے کے شرکاء سے مذاکرات کر کے ان کے مطالبات عالیٰ حکومتی سطح پر پہنچانے اور حل کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد احتجاجی شرکاء نے احتجاج ختم کر دیا  احتجاج کے خاتمے پر معطل ٹریفک بھی بحال ہو گئی۔

مزید خبریں

Back to top button