آزاد کشمیر میں شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری، حملہ آوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ترجمان آزاد کشمیر پولیس

راولاکوٹ(جانوڈاٹ پی کے) ترجمان آزاد کشمیر پولیس ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور ریاستی اداروں پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

راولاکوٹ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی خاور علی شوکت نے بتایا کہ مسلح حملہ آور شہر کی مختلف عمارتوں پر مورچہ بند ہیں، جبکہ گرفتار کیے گئے بعض افراد سے جدید اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کے حملوں میں ایک رینجرز اہلکار شہید ہوا، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلح گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ترجمان پولیس نے الزام عائد کیا کہ شرپسند عناصر کے روابط بیرونی عناصر سے ملتے ہیں اور ملک دشمن عناصر سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

ایس ایس پی خاور علی شوکت کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، تاہم اس تحمل کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں پر حملہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور آزاد کشمیر کے امن کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے متعدد مشتبہ شرپسند عناصر کو گرفتار کیا ہے اور ان سے مختلف نوعیت کا جدید اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے، جبکہ مزید کارروائیاں جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button