معرکۂ حق قومی وقار اور عزم کی علامت ہے، کوئی طاقت پاکستان کو شکست نہیں دے سکتی، وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ 10 مئی معرکۂ حق کے عزم، حوصلے اور قومی وقار کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے، اور جب قوم وطن کے دفاع کے لیے متحد ہو تو کوئی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی۔
انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے افسران و جوانوں کو آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ مسلح افواج نے جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کے ذریعے دشمن کو شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ ان کے مطابق پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے بہادری اور حکمتِ عملی کی نئی تاریخ رقم کی ہے، آپریشن بنیان مرصوص نے دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ہے۔
یومِ فتح معرکۂ حق کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم اپنی افواج کی قربانیوں، عزم اور لازوال جذبے کو سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حق اور سچائی کی قوت ہمیشہ غالب رہتی ہے جبکہ شہدا اور غازی قوم کا فخر ہیں جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلیں ان قربانیوں سے رہنمائی حاصل کریں گی۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وطن عزیز کو امن، استحکام اور ترقی عطا فرمائے۔



