زمان پارک حملہ کیس: فلک جاوید کی درخواستِ ضمانت پر سماعت 10 اگست تک ملتوی، ریکارڈ طلب

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) انسدادِ دہشت گردی عدالت (ATC) میں زمان پارک میں اسلام آباد پولیس پر مبینہ حملے کے مقدمے میں نامزد صنم جاوید کی بہن فلک جاوید کی بعد از گرفتاری درخواستِ ضمانت پر سماعت 10 اگست تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ملک عابد حسین نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ملزمہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ تفتیش مکمل ہو چکی ہے، ملزمہ اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور چونکہ وہ ایک خاتون ہیں، اس لیے ضمانت پر رہائی ان کا قانونی حق بنتا ہے۔ انہوں نے اپنے نقطہ نظر کے حق میں اعلیٰ عدالتوں کی نظائر (نظیریں) بھی پیش کیں۔
دوسری جانب سرکاری وکیل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ملزمہ زمان پارک میں اس وقت اسلام آباد پولیس کے افسران پر حملے میں ملوث تھی جب وہ سمن کی تعمیل کے لیے بانی پی ٹی آئی کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔ سرکاری وکیل کے مطابق اشتعال انگیز کارکنوں نے پیٹرول بم پھینکے جس سے پولیس افسران زخمی ہوئے اور ملزمہ سے بھی پیٹرول بم برآمد ہوا تھا۔
عدالت نے پراسیکیوشن کی جانب سے ریکارڈ پیش کرنے کی استدعا پر سماعت 10 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے اگلے مرحلے میں سرکاری وکیل سے دلائل اور کیس کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ اس واقعے کا مقدمہ (نمبر 410/23) تھانہ ریس کورس میں درج ہے۔



