آزادکشمیرالیکشن میں ’’دھاندلا‘‘!پیپلزپارٹی کان لیگ پرسنگین الزام،چودھری یاسین نے بڑا مطالبہ کردیا

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات پر سیاسی تنازع شدت اختیار کرگیا، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کو شدید تنقید کا نشانہ بنا دیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری یاسین نے الزام عائد کیا کہ آزاد کشمیر میں الیکشن کمیشن نے اپنی مرضی کے مطابق انتخابات کروائے جبکہ موجودہ الیکشن کمشنر کے مبینہ طور پر مخصوص مقاصد ہیں۔
’’ن لیگ کو زبردستی جتوایا جا رہا ہے‘‘
چوہدری یاسین نے دعویٰ کیا کہ پنجاب پولیس کو جان بوجھ کر مخصوص مقاصد کے لیے آزاد کشمیر بلایا گیا اور انتخابات میں مسلم لیگ ن کو مبینہ طور پر زبردستی کامیاب کرایا جا رہا ہے۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر نے کہا کہ حلقہ ایل اے 9 میں دھاندلی نہیں بلکہ ’’دھاندلا‘‘ کیا جا رہا ہے۔ ان کے بقول ن لیگ نے مبینہ بے ضابطگیوں کے حوالے سے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
انہوں نے متنازع حلقوں میں شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے نتائج اور انتخابی عمل سے متعلق اٹھنے والے سوالات کا جواب تحقیقات کے ذریعے سامنے آنا چاہیے۔
’’رانا ثناء اللہ نے کئی ماہ پہلے کامیابی کا اعلان کردیا تھا‘‘
چوہدری یاسین نے مزید الزام عائد کیا کہ رانا ثناء اللہ نے کئی ماہ قبل ہی مسلم لیگ ن کی کامیابی کا اعلان کردیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے انتخابات کے پہلے دن سے ہی مرحلہ وار انتخابات کے انعقاد کی مخالفت کی تھی۔
ان کے مطابق موجودہ انتخابی عمل نے 2016 کے انتخابات کی یاد تازہ کردی اور سیاسی جماعتوں کے تحفظات کو نظر انداز کیا گیا۔
اسی فیصدحلقوں کی تحقیقات پرآمادگی،پھر یوٹرن
پیپلز پارٹی رہنما نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ ن نے ابتدا میں 80 فیصد حلقوں کی تحقیقات پر آمادگی ظاہر کی، تاہم بعد میں اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹ گئی۔
چوہدری یاسین نے مطالبہ کیا کہ جن حلقوں میں انتخابی عمل پر اعتراضات سامنے آئے ہیں وہاں شفاف تحقیقات کرائی جائیں تاکہ عوام کے سامنے اصل حقائق آسکیں۔
آزاد کشمیر کے انتخابات کے نتائج کے بعد پیپلز پارٹی کی جانب سے سامنے آنے والے ان الزامات نے سیاسی درجہ حرارت مزید بڑھا دیا ہے۔ اب نظریں الیکشن کمیشن اور مسلم لیگ ن کے ممکنہ ردعمل پر مرکوز ہیں کہ وہ پیپلز پارٹی کے ان سنگین الزامات کا کیا جواب دیتے ہیں۔



