آزاد کشمیر پولیس نے اسلحہ راولاکوٹ لے جاتے ہوئے 2 ملزمان گرفتار کرلیے

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے)آزاد کشمیر پولیس نے مبینہ طور پر ڈڈیال سے اسلحہ راولا کوٹ لے جاتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کا کہنا ہے کہ وہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے لیے کام کرتے ہیں، انہیں ایکشن کمیٹی کے رہنما مہران نے اسلحہ منتقلی کا کام سونپا تھا۔
پولیس کے مطابق ایک گرفتار ملزم کا کہنا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں مہران اور ناظم نے احتجاج میں آنے والوں کی گاڑیوں کی چابیاں اپنے قبضے میں لے رکھی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد انتشاری کمیٹی کے سرغنہ مہران، امان اور ناظم کے لیے کام کر رہے تھے۔
آزاد کشمیر پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نعیم نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ وہ ایکشن کمیٹی کا رکن ہے اور ماضی میں توڑ پھوڑ اور پُرتشدد کارروائیوں میں بھی ملوث رہا ہے، اس کے مطابق سرغنہ مہران نے اسے ڈڈیال سے اسلحہ منتقل کرنے کی ہدایت دی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم نے بتایا کہ احتجاج میں شریک افراد کی گاڑیوں کی چابیاں بھی مبینہ طور پر مہران اور ناظم نے اپنے پاس رکھ لی تھیں تاکہ وہ واپس نہ جا سکیں۔
ملزم نے یہ بھی کہا کہ میرپور کے ایک نوجوان کو اغوا کے بعد تشدد اور بدفعلی کا نشانہ بنایا گیا تاکہ وہ ان کے خلاف بیان نہ دے سکے۔
پولیس کے مطابق دوسرے گرفتار ملزم عاقب نے بھی ابتدائی بیان میں کہا کہ اسلحہ پولیس اور رینجرز کے خلاف استعمال کیے جانے کا منصوبہ تھا۔
اس نے کہا کہ وہ آئندہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے گا اور عوام سے بھی ایسی سرگرمیوں سے دور رہنے کی اپیل کی۔



