اسلام آباد میں احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی، عطا تارڑ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کی احتجاج سے متعلق پالیسی واضح ہے اور اسلام آباد میں کسی بھی مقام پر احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے ماضی میں احتجاج کے دوران پرتشدد واقعات پیش آئے، جبکہ احتجاج سے متعلق عدالت کا فیصلہ بھی موجود ہے، جس کے باعث اسلام آباد میں احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ احتجاج کے معاملے پر حکومت کسی قسم کی نرمی نہیں کرے گی اور دباؤ کے تحت کوئی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقاتیں معمول کا حصہ ہیں، تاہم قانون سب کے لیے برابر ہے۔
خیبرپختونخوا کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کوہاٹ میں جانی نقصان ہوا ہے، جبکہ امن و امان برقرار رکھنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے احتجاج کے انداز مختلف ہیں۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی کے کارکن عموماً پرامن رہتے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے احتجاج میں توڑ پھوڑ کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف نے ماضی میں عدالتی فیصلوں کو تسلیم نہیں کیا، جماعت اسلامی کو بھی اسلام آباد میں احتجاج سے گریز کرنا چاہیے، بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔



