آزادکشمیرالیکشن،ماردھاڑ،لڑائی جھگڑے،فائرنگ،جیالا جاں بحق،رکن قومی اسمبلی گولی لگنے سےزخمی

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے جنرل انتخابات 2026ء کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 9 حلقوں اور پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کا وقت ختم ہوگیا اور گنتی کا عمل جاری ہے، ایل اے 31 میں تصادم سے پی پی کا کارکن جاں بحق ہوگیا، حلقہ کھاوڑہ میں ایم این اے صلاح الدین گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر حلقہ ایل اے 31 میں تصادم سے پیپلز پارٹی کا ایک کارکن مشتاق شاہ جاں بحق ہوگیا جبکہ حلقہ کھاوڑہ میں رکن قومی اسمبلی صلاح الدین جونیجو بازو میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔
پیپلزپارٹی کے مطابق رکن قومی اسمبلی صلاح الدین جونیجو کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، صلاح الدین جونیجو این اے 210 سانگھڑ ٹو سے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔آزاد کشمیر کے کچھ حلقوں میں پولنگ کاعمل تاخیر سے شروع ہوا جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے مسلم لیگ ن پر دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں اور اس حوالے سے الیکشن سیل پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے چیف الیکشن کمشنر کو خطوط بھی لکھے ہیں۔حلقہ ایل اے 29 تھری مظفر آباد میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔راولپنڈی ویلی 4 ایل اے 43 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار جاوید بٹ مسلح گارڈ کے ساتھ ملت کالونی پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوگئے، جاوید بٹ کے مسلح گارڈ کو کسی بھی پولیس اہلکار نے نہیں روکا۔حلقہ ایل اے 28، 29 اور 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر، استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تنویر الیاس، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، اور سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر سمیت اہم سیاسی رہنماؤں کے درمیان کانٹے دار مقابلے متوقع ہیں،



