پی ٹی آئی لیڈرعبداللہ طاہرکے قتل کی’’سپاری‘‘کس نے دی؟’’شوٹر‘‘کی شناخت ہوگئی!

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور کے علاقے گلبرگ کے غالب مارکیٹ میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ مرکزی شوٹر کی شناخت ارسلان جٹ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑی اور موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ارسلان جٹ نے ایک مبینہ سہولت کار کی مدد سے گوجرانوالہ سے کرائے پر گاڑی حاصل کی اور دو مبینہ شوٹرز کو ساتھ لے کر لاہور پہنچا۔ اسی دوران ایک سہولت کار موٹر سائیکل پر لاہور آیا، جس نے گلبرگ میں مبینہ طور پر شوٹرز کو موٹر سائیکل فراہم کی۔ذرائع کے مطابق واردات کے بعد ارسلان جٹ دونوں مبینہ شوٹرز کو گاڑی میں بٹھا کر موقع سے فرار ہو گیا۔تحقیقات کے دوران پولیس نے چھ مبینہ سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی اور موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ مبینہ مرکزی شوٹر کو قتل کی سپاری کس نے دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول طاہر عبداللہ کے مختلف افراد کے ساتھ کاروباری لین دین تھا، جس کے تناظر میں تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق شک کی بنیاد پر سینکڑوں افراد سے پوچھ گچھ کا عمل جاری ہے، جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر کے قتل کے اصل محرکات اور منصوبہ سازوں تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔



