کورکمانڈر کے سامنے تجاوزات کی نشاندہی پر انتقامی کارروائیاں شروع ہوگئیں، مولانافضل الرحمان کے بیٹے کا ردعمل

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیٹے مولانا اسجد محمود نے اسلام آباد میں رہائش گاہ پر تجاوزات کے حوالے سے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے نوٹس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور میں کور کمانڈر سامنے تجاوزات کی نشان دہی پر انتقامی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔
سی ڈی اے کے نوٹس پر ردعمل دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کے بیٹے مولانا اسجد محمود نے کہا کہ پشاور میں کور کمانڈر کے سامنے تجاوزات کی نشان دہی کی تو انتقامی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، جب نشان دہی کا کوئی جواب نہ ملا تو مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی گارڈ کا کیبن ہٹانے، جنریٹر منتقل کرنے اور اضافی کچن کی تعمیر پر بھی اعتراضات کیے گئے ہیں۔
مولانا اسجد محومد نے کہا کہ ملک کے تمام ادارے ایک شخص کے انتقامی جذبات کی تسکین کے لیے استعمال ہو رہے ہیں، سیاسی اختلافات کو ذاتی انتقام میں تبدیل کرنا قابل تشویش ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے کارکنان کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ حالات سے باخبر اور بیدار رہیں۔
قبل ازیں سی ڈی اے نے اسلام آباد میں واقع مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کی نشان دہی کرتے ہوئے نوٹس چسپاں کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ 15 روز کی مہلت میں تجاوزات ختم نہ کی گئیں عمارت سیل یا غیرقانونی تعمیرات مسمار کرنے کے لیے کارروائی ہوگی۔
سی ڈی اے نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش کے حوالے سے امان اللہ محمد یونس کو عمارت کے مالک کے طور پر نوٹس جاری کیا ہے اور بتایا کہ 18 مارچ 2019 کو بھی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سے تجاوزات ہٹانے کا حکم دیا گیا تھا۔



