صدر زرداری کا خیبر اور بلوچستان آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 32 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف فورسز کی کامیاب کارروائیاں قومی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کی پشت پناہی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے امن، استحکام اور خودمختاری کے خلاف ہر سازش کو قومی اتحاد اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے بھارتی پراکسی گروہوں کے خلاف جاری کارروائیاں ملک کے امن و امان، قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہیں، اور دہشتگردی کے خلاف یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button