اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کل پاکستان پہنچیں گے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اہم دورے پر کل صبح پاکستان پہنچیں گے، جہاں وہ اعلیٰ حکومتی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔

دورۂ پاکستان کے دوران انتونیو گوتریس وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور عالمی سطح پر درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ سیلاب کے بعد پاکستان میں آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور انتظامات کا مشاہدہ کریں گے۔

واضح رہے کہ 2022 میں پاکستان کو شدید سیلاب کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد انتونیو گوتریس نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا تھا۔

اپنے دورے کے دوران وہ اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ ان انڈیا اینڈ پاکستان (UNMOGIP) کے ہیڈکوارٹرز بھی جائیں گے۔ UNMOGIP بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کا مشن ہے۔

انتونیو گوتریس یکم جنوری 2017 کو اقوام متحدہ کے نویں سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔ اس سے قبل وہ جون 2005 سے دسمبر 2015 تک اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین کے منصب پر فائز رہے۔

انتونیو گوتریس 1949 میں پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں پیدا ہوئے اور انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی۔ وہ 1995 سے 2002 تک پرتگال کے وزیراعظم بھی رہے جبکہ 1976 میں پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہونے کے بعد 17 سال تک پارلیمانی سیاست میں خدمات انجام دیتے رہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بننے سے قبل گوتریس نے دو دہائیوں سے زائد عرصے تک حکومت اور عوامی خدمت میں مختلف ذمہ داریاں انجام دیں اور پناہ گزینوں، ہجرت اور انسانی حقوق سے متعلق امور پر بھی نمایاں کام کیا۔

مزید خبریں

Back to top button