علی امین گنڈاپور طبیعت ناساز ہونے پر ہسپتال منتقل، ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دے دیا

ڈیرہ اسماعیل خان (جانوڈاٹ پی کے) سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کو طبیعت ناساز ہونے پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کیا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق علی امین گنڈاپور کا چند روز قبل آپریشن ہوا تھا اور اس کے بعد انہیں گردن میں تکلیف کی شکایت تھی۔ طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تفصیلی معائنہ کرکے ان کی حالت کا جائزہ لیا۔

رپورٹس کے مطابق طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے سابق وزیراعلیٰ کو مکمل آرام کا مشورہ دیا۔ کچھ وقت ہسپتال میں زیر نگرانی رہنے کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

علی امین گنڈاپور کی طبیعت ایسے وقت میں ناساز ہوئی ہے جب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں اور پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کے درمیان احتجاج اور مارچ سے متعلق رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

ہسپتال سے گھر منتقل کیے جانے کے بعد علی امین گنڈاپور کی آئندہ سیاسی سرگرمیوں اور ممکنہ اسلام آباد مارچ میں شرکت کے حوالے سے صورتحال فی الحال واضح نہیں۔ ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button