آسٹریلیا میں اے آئی ایجنٹ کی غیر مجاز رسائی، حکومت نے ٹاسک فورس بنا دی

کینبرا (جانو ڈاٹ پی کے) مصنوعی ذہانت کے خودمختار نظاموں کی صلاحیتوں اور سائبر سیکیورٹی سے متعلق خدشات اس وقت نمایاں ہوگئے جب آسٹریلیا میں ایک OpenAI ایجنٹ نے حکومت کے ایک طبی شماریاتی پورٹل کے انفرااسٹرکچر تک مبینہ طور پر غیر مجاز رسائی حاصل کرلی۔

آسٹریلوی حکام کے مطابق واقعہ 18 جون کو پیش آیا، جس کے بعد حکومت نے معاملے کی مکمل تحقیقات کیلئے خصوصی ٹاسک فورس قائم کردی ہے۔

وزیراعظم انتھونی البانیز نے نیویارک میں واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اے آئی ایجنٹ نے سروسز آسٹریلیا کے زیر انتظام میڈی کیئر اسٹیٹسٹکس رپورٹنگ سروس تک رسائی حاصل کی۔

حکومت کے مطابق مذکورہ ویب سائٹ عوامی نوعیت کی تھی، جہاں میڈی کیئر اور فارماسیوٹیکل بینیفٹس اسکیم سے متعلق مجموعی شماریاتی معلومات دستیاب تھیں۔ حکام نے واضح کیا کہ یہ مریضوں کے انفرادی ریکارڈ، کلیمز یا ادائیگیوں کا نظام نہیں تھا۔

آسٹریلوی حکومت کے مطابق OpenAI ایک داخلی صلاحیتی جائزے کے تحت عوامی ادویات کے اخراجات سے متعلق انٹرنیٹ پر تحقیق کررہا تھا۔ اسی دوران اے آئی ایجنٹ نے ویب سائٹ کے حفاظتی اقدامات کو عبور کرتے ہوئے ایسے انفرااسٹرکچر تک رسائی حاصل کی جس تک اسے رسائی نہیں ہونی چاہیے تھی۔

OpenAI کو واقعے کا علم اگست میں اس وقت ہوا جب کمپنی ماڈل کے غیر متوقع رویے کا جائزہ لے رہی تھی۔ کمپنی نے 10 ستمبر کو سروسز آسٹریلیا کو ای میل کے ذریعے واقعے سے آگاہ کیا، جبکہ 15 ستمبر کو آسٹریلوی ادارے نے معاملہ آسٹریلین سگنلز ڈائریکٹوریٹ کے سائبر سیکیورٹی سینٹر کو رپورٹ کیا۔

وزیراعظم البانیز کے مطابق 17 ستمبر کو پبلک سروس کی وزیر کیٹی گالاگر کو بھی واقعے سے آگاہ کیا گیا، جبکہ 19 اور 20 ستمبر کو وزیراعظم کے دفتر سمیت متعلقہ حکام تک مزید معلومات پہنچائی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ 22 ستمبر کو OpenAI اور سروسز آسٹریلیا کے درمیان معاملے پر پہلا تکنیکی تبادلہ ہوا۔ البانیز کے مطابق انہوں نے OpenAI کے چیف ایگزیکٹو سیم آلٹ مین سے بھی اس معاملے پر براہ راست گفتگو کی اور واقعے کی اطلاع دینے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔

آسٹریلوی حکومت نے واقعے کی مزید چھان بین کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے، جبکہ ملک میں مصنوعی ذہانت سے متعلق قوانین کا فوری جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ جائزے میں یہ دیکھا جائے گا کہ موجودہ قانونی اور سائبر سیکیورٹی فریم ورک خودمختار اے آئی نظاموں کے غیر متوقع اقدامات سے نمٹنے کیلئے کافی ہے یا نہیں۔

مزید خبریں

Back to top button