ایران کا سخت انتباہ، نئی جنگ کی آگ خطے کے تمام ممالک تک پہنچے گی

تہران (جانو ڈاٹ پی کے) ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف نئی جنگ شروع ہوئی تو اس کی آگ خطے کے ان تمام ممالک تک پہنچ سکتی ہے جہاں امریکی فوجی موجود ہیں۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ ایران امریکی کانگریس کے وسط مدتی انتخابات کے نتائج کا انتظار نہیں کر رہا، امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف براہ راست یا کسی اور ذریعے سے فوجی کارروائی کی گئی تو ایرانی مسلح افواج فوری اور سخت جواب دیں گی۔

ایرانی کمانڈر نے کہا کہ ایران کسی بھی قسم کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ممکنہ فوجی کارروائی کی صورت میں امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

میجر جنرل علی عبداللہی نے خطے میں امریکی فوجی موجودگی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوجی موجودگی علاقائی عدم استحکام اور معاشی مسائل کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے امریکی فوج کی میزبانی کرنے والے ممالک کو خبردار کیا کہ اگر ایران کے خلاف نئی جنگ شروع ہوئی تو اس کے اثرات سب تک پہنچ سکتے ہیں۔

ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف نے ایران کے جوہری پروگرام کے فوجی مرحلے میں داخل ہونے سے متعلق اسرائیلی دعوؤں کو بھی مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا۔

انہوں نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) پر بھی تنقید کی اور ایرانی جوہری تنصیبات سے متعلق بیانات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عالمی ادارے سے ایسے تبصروں سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا۔

 

مزید خبریں

Back to top button