عامر خان اور گوری کی شادی کی تیاریاں مکمل، مہمانوں کی فہرست اور خصوصی مینیو بھی طے

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان اور گوری اسپرٹ کی مبینہ شادی کی تقریب سے متعلق بھارتی میڈیا میں نئی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب اتوار کو ممبئی میں عامر خان کی رہائش گاہ پر انتہائی سادگی سے منعقد ہوگی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تقریب میں صرف دونوں خاندانوں کے افراد، قریبی دوست اور منتخب مہمان شریک ہوں گے، جبکہ مجموعی طور پر 100 سے 150 افراد کو مدعو کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ عامر خان نے تقریب کے مہمانوں کی فہرست اور کھانے کے مینیو کو ذاتی طور پر حتمی شکل دی ہے، جس میں ان اور گوری کے پسندیدہ کھانوں کو شامل کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف فلم ساز آشوتوش گواریکر اور ہدایتکار راج کمار سنتوشی کو بھی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عامر خان نے اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی بار گوری اسپرٹ کو عوام کے سامنے متعارف کراتے ہوئے ان کے ساتھ اپنے تعلق کی تصدیق کی تھی۔
عامر خان نے پہلی شادی 1986 میں رینا دتہ سے کی تھی، بعد ازاں دونوں نے علیحدگی اختیار کر لی۔ اس کے بعد انہوں نے 2005 میں کرن راؤ سے شادی کی، تاہم 2021 میں دونوں نے باہمی رضامندی سے اپنی راہیں جدا کر لیں۔



