وزیراعظم شہباز شریف اور محمد بن سلمان کا ٹیلیفونک رابطہ، حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں بحیرۂ احمر میں سعودی آئل ٹینکروں پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے علاقائی امن و سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کے دوران سعودی تیل بردار جہازوں پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ناقابلِ قبول ہیں، بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں، بحری آمد و رفت کی آزادی کو خطرے میں ڈالتے ہیں اور خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
انہوں نے برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے بحیرۂ احمر اور آبنائے ہرمز سمیت خطے کے اہم بحری راستوں پر قانونی تجارتی جہاز رانی کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔



