سکندر رضا نے زمبابوے کی کرکٹ تاریخ کا بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا

ہرارے(مانیٹرنگ ڈیسک) زمبابوے کے مایہ ناز آل راؤنڈر سکندر رضا اپنے ملک کی جانب سے سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والے کرکٹر بن گئے، انہوں نے سابق کپتان ہیملٹن مساکادزا کا ریکارڈ توڑ دیا۔

40 سالہ سکندر رضا نے بلاوایو میں بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا 314واں میچ کھیل کر یہ تاریخی اعزاز حاصل کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ہیملٹن مساکادزا کے 313 بین الاقوامی میچوں کے نام تھا۔

اگرچہ سکندر رضا کے لیے یہ تاریخی موقع آیا، تاہم وہ اسے فتح کے ساتھ یادگار نہ بنا سکے، کیونکہ بنگلہ دیش نے فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میں 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔

سکندر رضا نے 2013 میں بنگلہ دیش ہی کے خلاف زمبابوے کی نمائندگی کا آغاز کیا تھا۔ اب تک وہ 22 ٹیسٹ، 156 ایک روزہ (ون ڈے) اور 136 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔

سیریز کے فیصلہ کن مقابلے میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔ جواب میں بنگلہ دیش نے اوپنر تنزید حسن کی ناقابلِ شکست 66 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت ہدف دو گیندیں قبل 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

مزید خبریں

Back to top button