امریکا کی عالمی سفری وارننگ، مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی کے باعث شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر عالمی سطح پر سکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو محتاط رہنے اور سفر کے دوران اضافی احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے باعث سلامتی کے خطرات بدستور پیچیدہ ہیں اور ایران سے منسلک گروہ دنیا کے مختلف حصوں میں امریکی مفادات یا امریکی شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

امریکی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تازہ ترین پیش رفت پر مسلسل نظر رکھیں، مقامی سکیورٹی صورتحال سے آگاہ رہیں اور اپنے قریب ترین امریکی سفارت خانے یا قونصل خانے کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی ہدایات پر عمل کریں، خصوصاً وہ افراد جو مشرقِ وسطیٰ میں مقیم یا وہاں سفر کر رہے ہیں۔

ٹریول ایڈوائزری میں یہ بھی خبردار کیا گیا ہے کہ موجودہ کشیدہ صورتحال کے باعث پروازوں کی منسوخی، تاخیر اور بعض فضائی حدود کی عارضی بندش کے سبب بین الاقوامی سفر متاثر ہو سکتا ہے، لہٰذا مسافروں کو اپنے سفری منصوبوں میں ممکنہ تبدیلیوں کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران مشرقِ وسطیٰ کے علاوہ دیگر خطوں میں واقع بعض امریکی سفارتی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے پیش نظر دنیا بھر میں امریکی شہریوں اور سفارتی عملے کو اضافی احتیاط اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button