امریکا کو ناقابلِ فراموش سبق دیا جائے گا، مجتبیٰ خامنہ ای

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی سرکاری ٹی وی پر ایران کے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای سے منسوب ایک نیا تحریری پیغام نشر کیا گیا ہے، جس میں امریکا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ "شیطانِ بزرگ امریکا کو ناقابلِ فراموش سبق دیا جائے گا۔”

پیغام میں کہا گیا ہے کہ مفاہمتی یادداشت کی بار بار مبینہ خلاف ورزیوں نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ امریکی صدر کے دستخطوں کی کوئی حیثیت یا اعتبار نہیں۔ بیان کے مطابق امریکا نے ایک بار پھر اپنی "غیر قابلِ اعتماد اور دھوکہ دہی پر مبنی پالیسی” کو دنیا کے سامنے آشکار کیا ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای سے منسوب بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا جنگ کو ہوا دینے کی کوشش کر رہا ہے اور خود کو مزید بھاری اخراجات اور بین الاقوامی رسوائی سے دوچار کر رہا ہے۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ایران کی قوم اور محاذِ مزاحمت امریکی اقدامات کا ایسا جواب دیں گے جو اس کے لیے ناقابلِ فراموش ہوگا۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ حالیہ پیش رفت امریکا کی "جرم، غداری اور ناقابلِ اعتماد طرزِ عمل” کا ایک اور ثبوت ہے اور ایران اپنے قومی مفادات کے دفاع سے دستبردار نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای کے اپنے والد علی خامنہ ای کے جانشین بننے کے بعد سے وہ عوامی سطح پر سامنے نہیں آئے ہیں۔ اب تک ان کی جانب سے نہ کوئی ویڈیو اور نہ ہی آڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے، جبکہ ان سے منسوب تمام بیانات صرف تحریری صورت میں ہی ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ کے ذریعے سامنے آئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button