چوری، رابری اور ڈکیتی کے مقدمات کی مؤثر تفتیش اور سزا یابی کے لیے تین روزہ خصوصی ورکشاپ اختتام پذیر

اوکاڑہ (رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )آر پی او ساہیوال محمد ایاز سلیم کی ہدایت پر چوری، رابری اور ڈکیتی کے مقدمات کی مؤثر تفتیش، تفتیشی نقائص و خامیوں کی نشاندہی، سزا نہ ہونے کی وجوہات اور ان کے تدارک کے حوالے سے کمیونٹی لائژن ہال میں منعقدہ تین روزہ خصوصی تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی۔
ورکشاپ میں ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی اور ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر رانا انعام اللہ خان منج نے خصوصی شرکت کی، جبکہ ضلع بھر سے تفتیشی افسران نے بھی شرکت کی۔
ورکشاپ کا بنیادی مقصد تفتیشی افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، تفتیش کے معیار کو مزید مؤثر بنانا، تفتیشی خامیوں کا خاتمہ اور عدالتوں میں ملزمان کی زیادہ سے زیادہ سزا یابی کو یقینی بنانا تھا۔
ورکشاپ کے دوران شرکاء کو چوری، رابری اور ڈکیتی کے مقدمات میں مضبوط شہادت، قانونی تقاضوں، مؤثر تفتیش، چالان کی تیاری اور عدالت میں مقدمات کی کامیاب پیروی کے حوالے سے تفصیلی لیکچرز دیے گئے۔
ڈسٹرکٹ ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر محمد شہزاد اور ڈی ایس پی لیگل کلیم اللہ نے تفتیشی افسران کو تفتیشی خامیوں، قانونی پیچیدگیوں، سزا نہ ہونے کی عمومی وجوہات اور ان کے مؤثر حل پر جامع بریفنگ دی۔
ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ معیاری تفتیش، مضبوط شواہد، قانونی تقاضوں کی تکمیل اور پراسیکیوشن کے ساتھ مؤثر رابطہ ہی ملزمان کی سزا یابی کو یقینی بنا سکتا ہے۔ پولیس افسران مقدمات کی تفتیش میں پیشہ ورانہ مہارت، میرٹ اور قانونی تقاضوں کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھیں۔
ورکشاپ کے دوران عملی کیس اسٹڈیز، قانونی نکات اور بہترین تفتیشی طریقہ کار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔



