40 سالہ لیڈی گاگا کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)گریمی اور آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی پاپ گلوکارہ لیڈی گاگا اور ان کے منگیتر مائیکل پولانسکی کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق لیڈی گاگا اور مائیکل پولانسکی کو حال ہی میں شمالی کیلیفورنیا میں اپنے نومولود بچے کے ساتھ دیکھا گیا۔

40 سالہ گلوکارہ نے رواں سال اپنا تقریباً 9 ماہ جاری رہنے والا ’مے ہیم بال‘ ورلڈ ٹور اپریل میں مکمل کیا تھا، اس ٹور کے دوران انہوں نے دنیا بھر میں 86 شوز کیے تھے۔

مارچ 2025ء میں ’دی نیویارک ٹائمز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے خاندان شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ماں بننے کو اپنی حتمی خواہش قرار دیا تھا۔

لیڈی گاگا اور مائیکل پولانسکی کے تعلقات کی افواہیں 2020ء میں اس وقت گردش کرنے لگیں جب انہیں لاس ویگاس میں نئے سال کی ایک تقریب کے دوران ایک ساتھ دیکھا گیا۔

اسی سال میامی میں منعقدہ سپر باؤل کے موقع پر دونوں اپنے تعلق کو باضابطہ طور پر منظرِ عام پر لائے۔

بعدازاں جولائی 2024ء میں پیرس اولمپکس کے دوران لیڈی گاگا نے مائیکل پولانسکی سے اپنی منگنی کی تصدیق کی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button