وزیراعظم شہباز شریف کا بنوں آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنوں اور ملحقہ علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کامیاب کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 24 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ حالیہ دہشت گرد حملوں، خصوصاً بنوں میں پولیس اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بزدلانہ حملوں کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی بروقت، مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع و امن کے لیے ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور اور اس کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے اور ایسے بزدلانہ حملوں میں ملوث تمام عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور سکیورٹی ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button