تربیلا ڈیم کے سپل وے پہلی بار کھول دیے گئے، دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ، ضلعی انتظامیہ کا الرٹ جاری

ہری پور(جانوڈاٹ پی کے) تربیلا ڈیم کے سپل وے آج پہلی مرتبہ صبح 11 بجے کھول دیے گئے، جس کے بعد دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق سپل وے کھولنے کے بعد تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج 2 لاکھ 20 ہزار سے 2 لاکھ 30 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث نشیبی اور دریا کے کنارے واقع علاقوں میں احتیاطی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ ہری پور الرٹ ہو گئی ہے اور شہریوں سے غیر ضروری طور پر دریا کے قریب جانے سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر غازی جنید آفتاب نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریا کے کنارے جانے، دریا میں نہانے، کشتی رانی اور ماہی گیری سے مکمل اجتناب کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو دریائے سندھ کے قریب جانے سے روکیں، جبکہ مویشی پال حضرات اپنے جانوروں کو بھی دریا کے کنارے نہ لے جائیں۔

ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور شہری احتیاطی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button