امریکی فضائیہ کی ایران بھر میں شدید بمباری، 3 پل تباہ، 7 افراد جاں بحق، بندرعباس میں بجلی معطل

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک\جانوڈاٹ پی کے) امریکی فضائیہ نے ایران میں مختلف مقامات پر تازہ فضائی حملے کیے ہیں، جن میں ایرانشہر ایئرپورٹ، بندرعباس، بندر خمیر، اہواز اور بوشہر شامل ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں میں شہری اور اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 پل تباہ، 7 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق بندرعباس میں ایک رہائشی عمارت، کمیونیکیشن ٹاور، ریلوے اسٹیشن اور پل پر حملے کیے گئے، جن میں کم از کم 9 افراد زخمی ہوئے۔ ایک پہاڑی پر قائم مواصلاتی ٹاور تباہ ہونے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوگئی۔
ایرانشہر ایئرپورٹ کے اطراف تین دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، جن میں ایک میزائل ایئرپورٹ پر آ کر گرا۔ اس کے علاوہ کہورستان گاؤں کے قریب اور شور دریا پر قائم دو اہم پل بھی امریکی حملوں میں تباہ ہوگئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بندر خمیر میں تباہ ہونے والا پل بندرعباس اور لار کے درمیان آمدورفت کے لیے انتہائی اہم تھا، جس کی تباہی سے زمینی رابطے شدید متاثر ہوئے ہیں۔
ادھر بوشہر میں بحری اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جبکہ بندرعباس کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ امریکی فوج نے خلیج فارس میں ایران کے آئل ایکسپورٹ ٹرمینل کے قریب موجود ایک سپر ٹینکر کو بھی نشانہ بنایا۔ امریکی میرینز نے ایک جہاز کی تلاشی لی جبکہ تین بحری جہازوں کو اپنا رخ تبدیل کرنے پر مجبور کیا۔
ادھر ایران نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف مسلسل چھٹی رات کی فوجی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ بیان کے مطابق حملوں میں ایرانی فوجی تنصیبات، ساحلی نگرانی کے مراکز، فضائی دفاعی نظام اور لاجسٹک تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔



