رکن قومی اسمبلی سید ایاز علی شاہ شیرازی کانیشنل پریس کلب سجاول کادورہ

سجاول(رپورٹ:گلشیر میر/ جانو ڈاٹ پی کے)رکن قومی اسمبلی سید ایاز علی شاہ شیرازی نے نیشنل پریس کلب سجاول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے ملاقات کرتے ہوئے نیشنل پریس کلب کی خدمات کو سراہا اور صحافی برادری کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ نیشنل پریس کلب سجاول پہنچںے پر صدر حافظ سعداللہ میمن اور دیگر صحافیوں نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایاز علی شاہ شیرازی نے کہا کہ نیشنل پریس کلب سجاول عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کر رہا ہے جبکہ صحافت ریاست اور عوام کے درمیان مضبوط اور مؤثر رابطے کا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب کے صحافیوں نے ہمیشہ سچ کی آواز بلند کی ہے اور غیر جانبدار صحافت کو فروغ دیا ہے۔ انکے خلاف مقدمات درج ہوئے مگر پھر بھی یہ نہ جھکے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل پریس کلب سجاول ضلع کا واحد رجسٹرڈ ادارہ ہے جہاں صحافیوں کی سب سے زیادہ تعداد موجود ہے، اور وہ نیشنل پریس کلب کی عمارت کی تعمیر سمیت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ایاز علی شاہ شیرازی نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے، جبکہ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا سرمایۂ افتخار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ دن ہو یا رات، ضلع ٹھٹھہ اور سجاول کے عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت حاضر ہیں اور عوامی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح سمجھتے ہیں۔ دورے کے اختتام پر نیشنل پریس کلب کے عہدیداران نے ایاز علی شاہ شیرازی کا شکریہ ادا کیا اور صحافی برادری کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

مزید خبریں

Back to top button