پٹرول مہنگا،عوام کی مشکلات بڑھ گئیں،4سال میں سفید پوش بھی غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے،سہیل آفریدی

پشاور(جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پشاور میں بہترین ترقیاتی کام جاری ہیں اور حکومت منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

پشتخرہ چوک انڈرپاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ پی ٹی آئی بانی عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور گزشتہ چار سال سے مسلسل جبر اور ظلم کا سامنا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نہ آئین توڑا اور نہ ہی سپریم کورٹ پر حملہ کیا، جبکہ ہم نے یہ بیان بھی نہیں دیا کہ ہمیں بھارت کے بجائے ملک کے دیگر صوبوں سے خطرہ ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ملکی معاشی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار سال کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 200 روپے سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، جس سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے بغیر نئے ٹیکس لگائے اپنے ریونیو کو 93 ارب روپے سے بڑھا کر 150 ارب روپے کردیا ہے۔

انہوں نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وفاق قرضے پر قرضے لے رہا ہے اور اس کا بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے۔ گزشتہ چار سال کے دوران مہنگائی اور معاشی مشکلات اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ سفید پوش طبقہ بھی غربت کی لکیر سے نیچے جانے پر مجبور ہوگیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا اور صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

مزید خبریں

Back to top button