دھاراڑ روڈ کے قریب مبارک کالونی میں پانی کی شدید قلت،مکین پریشان،انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) دھاراڑ روڈ کے قریب واقع پرانے کولہی پاڑہ، مبارک کالونی کے رہائشیوں نے پانی کی شدید قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس دیرینہ مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے۔رہائشیوں کے مطابق انہوں نے واٹر کنکشن کی مقررہ فیس پہلے ہی ٹاؤن کمیٹی کے دفتر میں جمع کروا دی تھی، جس کے بعد ٹاؤن کی ٹیم نے تقریباً 700 فٹ تک نئی واٹر لائن بچھائی۔ بعد ازاں ٹیم نے یقین دہانی کرائی کہ نئی لائن کو پرانی پانی کی ٹینکی کی لائن سے جوڑنے کے بعد پوری کالونی کو پانی کی فراہمی ممکن ہو جائے گی، تاہم پرانی ٹینکی کی لائنیں بوسیدہ اور ناکارہ ہونے کے باعث پانی کی فراہمی بحال نہ ہو سکی۔مکینوں کا کہنا ہے کہ بعد میں ٹاؤن انتظامیہ نے مکمل نئی واٹر لائن بچھانے کا وعدہ کیا تھا، مگر تاحال اس منصوبے کو مکمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب مبارک کالونی کی آخری حدود، جہاں مسجد بھی واقع ہے، تک مکمل واٹر لائن کی منظوری دی جا چکی ہے تو اس پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا جا رہا۔
رہائشیوں نے ٹاؤن انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ منظور شدہ منصوبے کے مطابق فوری طور پر مکمل واٹر لائن بچھائی جائے تاکہ مبارک کالونی میں پانی کی فراہمی بحال ہو اور لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت سے نجات مل سکے۔



