عمان،حملےکاشکارجہاز سے لاپتہ بھارتی انجینئرکی لاش مل گئی

مسقط(جانوڈاٹ پی کے)عمان کے ساحل کے قریب حملے کا نشانہ بننے والے ایک تجارتی جہاز سے لاپتا ہونے والے بھارتی میرین انجینئر کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔ بھارتی سمندری کارکنوں کی یونین نے اس افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق30سالہ ہیرمب کرمارکر بھارت کے شہر پونے سے تعلق رکھتے تھے اور قبرص کے پرچم بردار تجارتی جہاز جی ایف ایس گلیکسی پر بطور میرین انجینئر خدمات انجام دے رہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز عمان کے ساحل کے قریب جہاز پر ہونے والے حملے کے بعد ہیرمب کرمارکر لاپتا ہو گئے تھے، جس کے بعد ان کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کی گئی تھیں۔فارورڈ سی مینز یونین آف انڈیا کے عہدیدار منوج یادو نے بتایا کہ انہیں منگل کی شام جہاز چلانے والی کمپنی کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ عمانی کوسٹ گارڈ نے ہیرمب کرمارکر کی لاش برآمد کر لی ہے۔تاحال حملے کی مکمل نوعیت، ذمہ دار عناصر اور واقعے کی تفصیلات کے بارے میں مزید معلومات سامنے نہیں آئی ہیں، تاہم متعلقہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔حالیہ دنوں خلیج عمان اور آبنائے ہرمز کے اطراف بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث تجارتی جہازوں کی سلامتی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے، جس پر عالمی بحری صنعت بھی تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔



