پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، ایک ہفتے میں ہزاروں چالان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

ہیڈ آف ٹریفک پنجاب کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کو 51 ہزار سے زائد چالان ٹکٹس جاری کیے گئے، جبکہ لاہور میں سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر 16 ہزار سے زائد چالان کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ سات روز کے دوران ون وے کی خلاف ورزی پر 15 ہزار سے زائد گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے والے 18 ہزار سے زائد افراد کو بھی چالان کیا گیا۔

اسی طرح سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے والے 11 ہزار سے زائد شہریوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

محمد وقاص نذیر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ محفوظ سفر کے لیے ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں، جبکہ تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے متحرک رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button