وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے، ایرانی صدر مسعود پزشکیان

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنے وطن کے ایک ایک انچ کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔
ٹی وی پر نشر ہونے والے اپنے بیان میں ایرانی صدر نے امریکی صدر کی بیان بازی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "ٹرمپ بتائیں، کیا وہ میدانِ جنگ میں اپنے مقاصد حاصل کر چکے ہیں؟ ایران کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والوں کو آخر کیا ملا؟”
انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی قوم اپنے عملی اقدامات کے ذریعے ملک کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرے گی اور کسی بھی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گی۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی کمیشن کے ترجمان ابراہیم رضائی نے کہا کہ دشمن مفاہمتی یادداشت کی تمام شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے باضابطہ طور پر جنگ میں داخل ہو چکا ہے، اس لیے اب مفاہمتی یادداشت مؤثر نہیں رہی۔
ادھر ایرانی پارلیمنٹ نے آبنائے ہرمز کی سلامتی اور پائیدار ترقی سے متعلق اسٹریٹجک ایکشن پلان بھی منظور کر لیا، جسے خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



