تھرپارکر میں 2 الگ واقعات میں نوجوان اور خاتون کی مبینہ خودکشی، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر میں دو الگ الگ واقعات میں ایک نوجوان اور ایک خاتون نے مبینہ طور پر خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا، جبکہ پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پہلے واقعے کے مطابق تحصیل کلوئی کے گاؤں سیڈیو کے قریب کونبھٹ کے درخت سے ایک نوجوان کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی۔ متوفی کی شناخت وکرم داس ولد کرشن میگھواڑ کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نوجوان کراچی میں مزدوری کرنے کے بعد اپنے گاؤں واپس آ رہا تھا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس نے گھر پہنچنے سے قبل اپنے اہلِ خانہ کو اطلاع دی تھی کہ وہ خودکشی کرنے والا ہے۔ جب ورثا موقع پر پہنچے تو نوجوان کی لاش درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔ متوفی شادی شدہ تھا اور ایک بچے کا باپ تھا۔
دوسرا واقعہ تحصیل ڈیپلو کے گاؤں سبھڑی میں پیش آیا، جہاں شریمتی چندران زوجہ ساجن کولہی (عمر تقریباً 36 سال) نے مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی کے باعث گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی۔ اطلاع ملنے پر ڈیپلو پولیس موقع پر پہنچی، لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال ڈپلو منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق خاتون کی خودکشی کی اصل وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ آخری اطلاعات تک دونوں واقعات کے سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔



