دیپال پور میں ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ، ڈپٹی کمشنر کا معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان


دیپال پور: (محمد اسلم بھٹی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے دیپال پور میں پنجاب ڈیویلپمنٹ پروگرام (PDP) کے تحت جاری عوامی فلاحی منصوبوں کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایم پی اے ملک علی عباس کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر دیپال پور فیصل شہزاد چیمہ اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینکس، سڑکوں کی تعمیر، بیوٹیفکیشن اور دیگر تعمیر و مرمت کے منصوبوں کا معائنہ کیا۔ پی ڈی پی افسران نے جاری منصوبوں، کام کی رفتار اور پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی۔
دورے کے دوران مقامی ایم پی اے ملک علی عباس کھوکھر نے مبینہ ناقص کام پر ٹھیکیدار سے برہمی کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تعمیراتی مٹیریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ منصوبوں کا باقاعدہ کوالٹی آڈٹ بھی کروایا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد کے منصوبے مقررہ معیار اور بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔