امریکا نے ایرانی بندرگاہوں کی دوبارہ ناکہ بندی کی تصدیق کر دی

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی فوج نے ایران کی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں کی جانب آنے اور وہاں سے روانہ ہونے والے بحری جہازوں کی نگرانی کے لیے دوبارہ بحری ناکہ بندی نافذ کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق ایران پر عائد کی جانے والی امریکی بحری ناکہ بندی پر عملدرآمد جمعرات رات 8 بجے سے شروع کر دیا جائے گا۔
سینٹ کام نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی افواج ایران کی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں سے متعلق بحری آمدورفت پر عائد پابندیوں کو نافذ کریں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وہ تمام بحری جہاز جو ناکہ بندی کی خلاف ورزی نہیں کریں گے، انہیں علاقائی سمندری راستوں میں محفوظ آمدورفت کے لیے تعاون فراہم کیا جاتا رہے گا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ایران کے خلاف ناکہ بندی دوبارہ نافذ کرنے کا فیصلہ 13 اپریل سے 18 جون تک جاری رہنے والی ابتدائی بحری ناکہ بندی کے بعد کیا گیا ہے۔



