ماتلی پولیس نے75من سپاری اورایک ہزار تیارشدہ دیسی گٹکے کی تقریباًایک کروڑمالیت کی کھیپ برآمد کرلی

ماتلی(رپورٹ ایم ار۔گدی/جانو ڈاٹ کام کی کے)ماتلی پولیس نے باران ناکہ چیک پوسٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے کراچی سے اسمگل کی جانے والی75من(300 کٹے)سپاری اورایک ہزار تیار شدہ دیسی گٹکے کی تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کی کھیپ برآمد کرکے دو مبینہ بین الصوبائی سپلائرز کو گرفتار کر لیا، جبکہ اسمگلنگ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں تک پہنچنے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ ماتلی انسپکٹر محمود احمد خان، باران ناکہ چیک پوسٹ کے انچارج اے ایس آئی اصغر علی جٹ اور پولیس ٹیم نے معمول کی چیکنگ کے دوران کراچی سے آنے والے بائیس ویلر ٹرالر کو روک کر اس کی تلاشی لی، جس کے دوران ریت میں انتہائی مہارت سے چھپائے گئے 300 کٹے سپاری اور ایک ہزار تیار شدہ دیسی گٹکے برآمد ہوئے۔ پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی سپاری کا مجموعی وزن 75 من ہے جبکہ اس کی تخمینہ مالیت تقریباً ایک کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ کارروائی کے دوران باجوڑ کے رہائشی دو مبینہ بین الصوبائی سپلائرز، زبیر ولد شابر خان پٹھان اور حمید اللہ ولد باچا خان پٹھان کو گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ ماتلی میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ اسمگلنگ کے اس منظم نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد اور سہولت کاروں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔ باران ناکہ پر ہونے والی اس کامیاب کارروائی کو ضلع بدین میں مضر صحت سپاری اور دیسی گٹکے کی اسمگلنگ کے خلاف ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف بڑی مقدار میں ممنوعہ اشیاء کی ترسیل ناکام بنائی گئی بلکہ بین الصوبائی اسمگلنگ کے منظم نیٹ ورک کے خلاف بھی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیاہے۔

مزید خبریں

Back to top button