مائیکل جیکسن کی بایوپک ’مائیکل‘ نے تاریخ رقم کر دی، ایک ارب ڈالر سے زائد کمائی کرنے والی پہلی سوانحی فلم بن گئی

لاس اینجلس (ویب ڈیسک) موسیقی کے بے تاج بادشاہ مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی بایوپک فلم ’مائیکل‘ نے عالمی باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک ارب ڈالر سے زائد کا بزنس کر لیا ہے۔
فلم ’مائیکل‘ اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی سوانحی فلم بن گئی ہے، جس نے 2018 میں ریلیز ہونے والی ’بوہیمین ریپسوڈی‘ اور کرسٹوفر نولان کی فلم ’اوپن ہائیمر‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
’بوہیمین ریپسوڈی‘ نے دنیا بھر میں 911 ملین ڈالر جبکہ ’اوپن ہائیمر‘ نے 977 ملین ڈالر کا بزنس کیا تھا۔
ہدایت کار انٹوائن فوکوا کی اس فلم میں مائیکل جیکسن کے بھتیجے جعفر جیکسن نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، جبکہ کم عمر مائیکل جیکسن کا کردار جولیانو کرو ویلدی نے نبھایا ہے۔ فلم میں کولمین ڈومنگو، نیا لانگ اور جیسیکا سولا سمیت دیگر فنکار بھی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق فلم نے ریلیز کے پہلے ہفتے میں دنیا بھر سے 217 ملین ڈالر کمائے، جو کسی بھی میوزیکل بایوپک کا سب سے بڑا افتتاحی بزنس قرار دیا جا رہا ہے۔
فلم میں مائیکل جیکسن کی عالمی شہرت کے ساتھ ساتھ ان کی ابتدائی زندگی، خاندانی پس منظر، کامیابیوں اور پیشہ ورانہ سفر کے دوران پیش آنے والے چیلنجز کو بھی دکھایا گیا ہے۔
ناقدین کی جانب سے فلم کو ملا جلا ردعمل ملا، تاہم شائقین نے اسے بھرپور پذیرائی دی اور اسے 97 فیصد آڈیئنس اسکور حاصل ہوا۔



