راولپنڈی حوالاتی فرار کیس: تحقیقاتی رپورٹ آئی جی پنجاب کو ارسال، تمام 14 ملزمان دوبارہ گرفتار

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)راولپنڈی میں 14 حوالاتیوں کے فرار ہونے کے معاملے پر آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم کے احکامات پر قائم اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ مکمل کر کے سیل بند لفافے میں ارسال کر دی ہے۔ ایس ایس پی سپیشل برانچ سمیت پولیس کے چار سینئر افسران پر مشتمل اس کمیٹی نے واقعے کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی، سکیورٹی انتظامات اور عملے کی مبینہ غفلت کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
تحقیقات کے دوران کمیٹی نے سرکاری و غیر سرکاری عملے اور حوالاتیوں کے بیانات بھی قلم بند کیے۔ ذرائع کے مطابق اس رپورٹ کی روشنی میں غفلت کے مرتکب افسران اور ملازمین کے خلاف سخت تادیبی کارروائی اور سکیورٹی کو مزید فول پروف بنانے کے لیے اہم فیصلوں کا امکان ہے۔
دوسری جانب پولیس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سکیورٹی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے تمام 14 حوالاتیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔



