امید کا دامن تھام کر ہی چیلنجز کا مقابلہ ممکن ہے، عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے، وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امید کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ تمام تر مشکلات اور چیلنجز کے باوجود امید کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمت اور حوصلے سے امید کی مدہم روشنی بھی یقین کے چمکتے سورج میں بدل جاتی ہے، اور یہی وہ جذبہ ہے جو انسان کو آگے بڑھنے کی طاقت دیتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی امیدوں کا محور بن چکی ہے اور حکومت قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی، بے گھر افراد کو اپنی چھت دینے اور کسانوں کو خوشحال بنانے کے خواب کو ہر صورت پورا کیا جائے گا۔
مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو ہمیشہ سے یہ امید تھی کہ مسلم لیگ (ن) کے برسرِاقتدار آنے سے ہی انہیں لیپ ٹاپ، سکالرشپس اور مفت ادویات جیسی بنیادی سہولیات ملیں گی، اور حکومت اس اعتماد کو بحال رکھے گی۔



